Jul ۲۹, ۲۰۱۷ ۰۷:۴۱ Asia/Tehran
  • نواز شریف رخصت پاکستانی عوام کا یوم تشکر

سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے نواز شریف کو نا اہل قرار دیئے جانے کے بعد جہاں اس ملک کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں وہیں کل یوم تشکر منانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نواز شریف کی نااہلی پر کل اتوار کو یوم تشکر منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 21 برسوں میں جو بھی ان کے ساتھ جدوجہد میں شامل رہا وہ کل پریڈ گراؤنڈ پہنچے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ کوشش انسان کرتا ہے کامیابی اللہ دیتا ہے، میں اللہ کا بڑا شکر گزار ہوں، ایک بڑی جدوجہد جو 2013 کے الیکشن سے شروع ہوئی، خصوصی طور پر 126 دن دھرنے، سڑکوں اور سپریم کورٹ سے ہوتے ہوئے ہم یہاں پہنچے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ میری نواز شریف سے لڑائی نہیں تھی، نواز شریف نے میرا کچھ نہیں لیا جب کہ میں انہیں 40 سال سے جانتا ہوں، ہمارے ملک میں طبقاتی قانون ہے ملک آگے نہیں بڑھ سکا کیونکہ یہاں 2 قانون ہیں، جیلوں میں کمزور لوگ ہیں جب کہ اس ملک کے بڑے بڑے ڈاکو اسمبلی میں ہیں جن کو قانون ہاتھ نہیں لگا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کی عدلیہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جے آئی ٹی ارکان قوم کے ہیرو ہیں،اگر ملک کی عدلیہ چاہے تو طاقت ور کا بھی احتساب ہوسکتا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے اتوار کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوام اگر میرے ساتھ باہر نہ نکلتے تو وہ کبھی کامیاب نہ ہوتے لہذا اتوار کو جلسے میں اللہ کا شکر ادا کرنے سب آئیں جب کہ تحریک انصاف کے کارکن کسی انتشار میں نہ آئیں اتوار کو مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا ۔

واضح رہے کہ کل سپریم کورٹ کے لارجر بینچ نے پاناما کیس میں متفقہ فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو نااہل قرار دیا جب کہ ان کے بچوں حسن، حسین اور مریم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر عباسی اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے کیسز فوری طور پر نیب کو بھیجنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔

 

ٹیگس