Jul ۳۱, ۲۰۱۷ ۰۹:۱۲ Asia/Tehran
  • نواز کے بعد شہباز کی باری

پاکستان تحریک انصاف کے چیر مین عمران خان نے کہا کہ پاناما کیس کا فیصلہ سنانے والے ججز کو سلام اور جے آئی ٹی ارکان کو سیلوٹ پیش کرتا ہوں۔

اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں تحریک انصاف کے یوم تشکر کےجلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پوری پاکستانی قوم کی طرف سے سپریم کورٹ کے 5 ججزکو سلام اور جے آئی ٹی کے ممبران کو سیلوٹ پیش کر تا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ جب پاناما کیس کے فیصلے پر ہم سپریم کورٹ گئے تو پیپلز پارٹی اور ہمارے سیاسی کزن طاہر القادری نے کہا کہ آپ نے عدالت جا کر بہت بڑی غلطی کی لیکن نوجوانوں یاد رکھو کہ جب انسان کسی چیز کا فیصلہ کر لیتا ہے تو وہ کر کے رہتا ہے، اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کے اندر بے پناہ صلاحیت رکھی ہیں، آپ سب لوگ بھی عمران خان سے بڑے انسان بن سکتے ہیں لیکن صرف اپنے اندر چھپی صلاحیتوں کو ڈھونڈنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج مجھے ایک نیا پاکستان نظر آ رہا ہے، ابھی میچ ختم نہیں ہوا لیکن میں نوجوانوں کو ابھی سے خوشخبری دے رہا ہوں کہ آپ لوگ نئے پاکستان کا میچ جیت گئے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ملک میں احتساب کا ایسا نظام لائیں گے جہاں امیر اور غریب کے لئے ایک ہی قانون ہو گا، ہماری جماعت میں تمام لوگ آ سکتے ہیں لیکن ہماری حکومت میں احتساب وزیراعظم سے شروع ہو گا اور اگر کوئی کرپشن کرے گا تو میں ذمہ دار ہوں گا، نیب کا ایسا مضبوط ادارہ  بنائیں گے جو سب کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے ٹیکس کے پیسے فلاحی کاموں پر خرچ کریں گے، جس ملک کی آدھی سے زیادہ آبادی غریب ہو وہاں کیسے ایک شخص کو محل میں رہنے دیا جائے، وزیراعظم ہاؤس پر لاکھوں روپے خرچ کریں، سب سے پہلے میری نظر گورنر ہاؤس پر ہے جس کی دیواریں توڑ کر اسے پارک بنایا جائے گا۔ وعدہ کرتا ہوں کہ اسی پاکستان کو اپنے قدموں میں کھڑا کروں گا اور قوم کو کسی کے سامنے جھکنے نہیں دوں گا۔

سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ ہماری جنگ شریف خاندان کے خلاف نہیں بلکہ کرپشن کے خلاف تھی، شاہد خاقان عباسی اور شہباز شریف تیار ہو جاؤ ہم آ رہے ہیں، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے پیچھے بھی آئیں گے۔ انہوں نے کہا میڈیا کے گاڈ فادر ہمیں بلیک میل نہیں کر سکتے، شکیل الرحمان نے کہا کہ میں تو بزنس مین ہوں تو مطلب یہ کہ انہیں  تو جہاں سے بھی پیسہ ملے گا وہ اسی طرف چلے جائیں گے۔

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ کس قسم کا آدمی ہے جو کرپٹ لوگوں کے پیچھے اس قسم کی بات کر رہا ہے انہوں نے کشمیری عوام سے کہا کہ وہ باہر نکلیں اور ان کے گھر کے باہر مظاہرے کریں۔

ٹیگس