مہدی (ع) برحق کانفرنس اتحاد امت کے لئے سنگ میل
پریڈ گراونڈ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ اجتماع میں شرکت کی غرض سے پورے ملک سے قافلے اسلام آباد کے لئے روانہ ہوگئے ہیں۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ حسن ظفر نقوی نے دیگر مرکزی رہنماؤں کے ہمراہ پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی 29ویں برسی کے سلسلے میں ہونے والی مہدی (ع) برحق کانفرنس کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی کے افکار پوری قوم کے لئے مشعل راہ ہیں۔ وہ وحدت و اخوت کے داعی تھے، انہوں نے ضیائی نظام کو وطن عزیز کی نظریاتی سرحدوں سے متصادم قرار دے کر آواز بلند کی۔ منافرت کی سیاست کے مقابلے میں بھائی چارے کو فروغ دیا۔ ملک دشمن قوتوں کے لئے سب سے زیادہ تکلیف دہ امر امت مسلمہ کی یکجہتی اور اتحاد رہا ہے، ان مذموم عناصر نے ہر اس شخصیت اور جماعت کی راہ میں ہمیشہ رکاوٹیں کھڑی کی ہیں، جو اتحاد بین المسلمین کے فروغ کی بات کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کے مشن پر گامزن ہے۔ اس جماعت نے ہمیشہ اتحاد و اخوت کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔ یہ جماعت مظلومین کی حمایت کا علم لے کر میدان میں نکلی ہے، مظلوم کا تعلق چاہے جس مذہب مسلک یا جماعت سے ہو، ہم نے ہمیشہ اس کی حمایت کی ہے۔ علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ مہدیؑ برحق کانفرنس ان مذہبی طاقتوں کا عظیم الشان اجتماع ثابت ہوگی، جو ارض پاکستان کی سالمیت و استحکام کے لئے مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل، عوامی تحریک، جمعیت علمائے اسلام نیازی سمیت دیگر جماعتوں کے مرکزی رہنماء اس کانفرنس میں شریک ہوں گے۔
واضح رہے کہ آج ہونے والے اس اجتماع میں شرکت کی غرض سے پورے پاکستان سے قافلے اسلام آباد کے لئے روانہ ہوگئے ہیں۔ موثر سکیورٹی انتظامات کے لئے وفاقی انتظامیہ سمیت ایم ڈبلیو ایم اسکاؤٹس کے سینکڑوں کارکنان مختلف داخلی و خارجی راستوں پر تعینات ہیں۔