Aug ۱۴, ۲۰۱۷ ۰۹:۴۸ Asia/Tehran
  • نواز شریف کرپشن کی وجہ سے نا اہل ہوئے

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے راولپنڈی میں منعقدہ عوامی مسلم لیگ کے جلسے سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو دنیا میں باعزت ملک بنائیں گے۔

عمران خان نے کل رات راولپنڈی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں نواز شریف نے جی ٹی روڈ پر ڈرامہ کیا اور یہ سوال پوچھا کہ انہیں کیوں نکالا گیا، نواز شریف نے کہا کہ لوگوں نے انہیں مینڈیٹ دیا تو پھر ججز کون ہوتے ہیں انہیں نکالنے والے۔ عمران خان نے کہا کہ وہ نواز شریف سے پوچھتے ہیں کہ کیا انہوں نے ووٹ لینے سے قبل لوگوں سے یہ کہا تھا کہ وہ ان کا پیسہ چوری کریں گے اور منی لانڈرنگ کرکے باہر بھیج دیں گے؟ عمران خان نے کہا کہ یہ سارا ڈرامہ نیب اور سپریم کورٹ پر دباؤ ڈالنے کے لیے رچایا جارہا ہے، نیب نے اب تک حدیبیہ پیپر ملز کیس میں اپیل نہیں کی، کہیں اس پر نواز شریف کا دباؤ تو نہیں ہے۔ جی ٹی روڈ پر ایک سازش پاکستان کی سپریم کورٹ کے خلاف نظر آگئی اور دوسری سازش پاک فوج کے خلاف نظر آرہی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ نواز شریف سپریم کورٹ، جے آئی ٹی اور فوج کے خلاف بھی بول رہے ہیں، 30 سال سے نواز شریف اداروں کے اوپر قبضہ کرکے بیٹھے ہیں، ججز کو پیسے کھلائے ہیں لیکن پہلی بار نہ نواز شریف جے آئی ٹی کو قابو کرسکے اور نہ سپریم کورٹ کو لہٰذا ان کے نزدیک یہ سازش ہے ، لیکن یہ سازش نہیں بلکہ نیا پاکستان ہے جہاں آپ کی طرح ڈاکو ججز کو نہیں خرید سکیں گے۔ عمران خان کے بعد عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے انہیں جتنی عزت دی وہ اسے کبھی نہیں بھول سکتا۔ شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ انہیں اور عمران خان کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا لیکن اجرتی قاتل پکڑے گئے، انہوں کہا کہ وہ ایل این جی معاہدوں کو نہیں چھوڑیں گے۔

دوسری جانب چنیوٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مجھے علم نہیں نوازشریف کیا کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ ڈرامہ رچا کر اپنے جرم چھپانا چاہتے ہیں۔ چئیرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ نوازشریف جب سے اپنے عہدے سے برطرف ہوئے انہیں پارلیمنٹ کی یاد آرہی ہے اور وہ حکومت میں رہ کر بھی اپوزیشن کرنا چاہتے ہیں، مجھے پتا نہیں وہ کیا چاہتے ہیں لیکن اتنا ضرور ہے کہ وہ ڈراما رچا کر اپنا جرم چھپانے کی کوشش میں ہیں۔

ٹیگس