Aug ۲۶, ۲۰۱۷ ۱۱:۰۶ Asia/Tehran
  • نوازشریف اپنے اثاثوں کی وجہ سے ٹرمپ کے خلاف بولنے سے قاصر

سکھر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ وقت کے فرعونوں نے سندھ کے عوام پر بے انتہا ظلم کیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا پیسا مغرب میں ہے اس لیے انہوں نے ٹرمپ کے بیان پر ایک لفظ نہیں کہا، نوازشریف کو ڈر ہے، ٹرمپ کے خلاف بات کی تو اس کا پیسہ بھی چلا جائے گا اور نوازشریف کو پتا ہے کہ جیل گیا تو اس کے تمام اثاثے ضبط ہو جائیں گے۔

انہوں نے آصف زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ زرداری کی بھی جائیدادیں مغرب میں ہیں اور جن کی جائیدادیں بیرون ملک ہوں ان کو ووٹ کبھی نہیں دینا چاہئیے ۔

عمران خان نے کہا کہ ایک گاڈ فادرکو قوم نے سڑکوں پر نکل کر شکست دی اور آج وہ کہتا ہے کہ مجھے کیوں نکالا لیکن کچھ وقت بعد سندھ میں بھی ایک فرعون کہہ رہا ہو گا کہ مجھے کیوں نکالا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کیا نواز شریف کو واقعی سمجھ نہیں ہے کہ انہیں کیوں نکالا، نوازشریف آپ کی بیرون ملک جائیدادیں ہیں، یہ پیسا کہاں سے آیا، آپ نے پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا، ادارے تباہ کیے، نوازشریف نے اتنی چوری کی ہے کہ شاید اتنی آصف زرداری نے بھی نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنی چوری اور کرپشن بچانے کے لیے ملک کے ادارے تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں، انہوں نے کوئی ادارہ نہیں چھوڑا جس میں اپنے لوگ نہ بٹھائے ہوں، آج نوازشریف وکیلوں کے سامنے عدلیہ کے خلاف باتیں کر رہے تھے، کیا ایک نااہل اور کرپٹ شخص کی باتیں سننے والے وکیل نادان تھے۔

دوسری جانب لاہور میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ اپنے خلاف فیصلے پر عملدرآمد کروانے میں ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کیا مگر ایسے فیصلے پر عمل درآمد کے باوجود تسلیم نہیں کیا جاسکتا لہذاغلط بنیادوں پرغلط اندازمیں کیا گيا یہ فیصلہ واپس لیا جائے جب کہ وزرائےاعظم سے یہ سلوک جاری رہا تو کوئی بھی حادثہ ہوسکتا ہے۔

 

ٹیگس