نواز شریف طاقتورمافیا ہیں: عمران خان
عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف طاقتورمافیا ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کل لاہور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کی انتخابی مہم میں اس لیے آیا ہوں تاکہ پاکستان کے کمزور طبقے کو پیغام دے سکوں کہ جب سے پاکستان بنا، طاقتور ہمیشہ جیتا اور کمزور پر ظلم ہوا اور غریب کو کبھی عدالتوں سے انصاف نہیں ملا، طاقتور ملک میں ہر ناجائز کام کر سکتا ہے لیکن کمزور اپنے جائز کام کے لیے بھی پیسے دیتا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ عدالت نے جب میاں صاحب کو نااہل کیا تو وہ پوچھنے لگے، مجھے کیوں نکالا جس کا مطلب یہ ہوا کہ میں تو طاقتور مافیا ہوں عدالت نے مجھے کیسے نااہل کیا، ان کا کام تو چھوٹے چوروں کو پکڑنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اتنے بڑے ڈاکو کو ووٹ دینا ہے تو ایک اور پٹیشن بھی دائر کرو کہ ملک کی تمام جیلوں سے تمام چھوٹے چوروں کو نکال دیا جائے، ان بیچارے لوگوں کا کیا قصور ہے جو چھوٹی چوری پر جیلوں میں پڑے ہوئے ہیں، ان تمام چوروں کی چوری تو نواز شریف کے لندن کے ایک فلیٹ سے بھی کم ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جب مسلم لیگ (ن) والے ووٹ مانگنے آئیں تو ان سے پوچھا جائے کہ اربوں پتی کیسے بنتے ہیں کیوں کہ عوام پیچھے رہ جاتے ہیں اور یہ ارب پتی بن جاتے ہیں جب کہ مریم بی بی کو تو لیکچر دینا چاہیے کہ ارب پتی کیسے بنتے ہیں، نوازشریف کے بچوں نے کونسا کاروبار کیا کہ وہ اربوں پتی بن گئے اور حسن نواز نے کیا جادو کیا کہ وہ لندن میں زیر تعلیم ہوتے ہوئے 6 ارب کے فلیٹ کا مالک بن گیا؟
عمران خان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کا مقابلہ وفاقی حکومت سے ہے کیوں کہ پولیس مریم بی بی کی مدد کر رہی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن کمیشن کو یاد کروانا چاہتے ہیں کہ آپ نے 29 ہزار ووٹوں کی تصدیق اب تک نہیں کی اور قوم آپ کی طرف دیکھ رہی ہے جب کہ اس بار قوم 2013 کا دھاندلی زدہ الیکشن قبول نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام اب جمہوریت چاہتی ہے جہاں عدلیہ اور میڈیا آزاد ہو ۔