Sep ۱۰, ۲۰۱۷ ۰۷:۳۰ Asia/Tehran
  • پاکستان کے اسپیکر کا نواز شریف کے خلاف فیصلے سے متعلق انکشاف

پاکستان کےاسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے خلاف فیصلے کی ایک سال قبل ہی پیشگی اطلاع تھی تاہم ہم سپریم کورٹ کے فیصلے کو مانتے ضرور ہیں لیکن اتفاق نہیں کرتے۔

لاہور کے علاقے اچھرہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے سے ایک سال قبل ہی آگاہ تھے، ہمیں امید تھی کہ فیصلہ نواز شریف کے خلاف ہی آئے گا تاہم ہم نے فیصلے کو من وعن قبول کیا لیکن اس فیصلے سے اتفاق نہیں کرتے، نیب نے بھی جے آئی ٹی رپورٹ پر ریفرنسز دائر کئے ہیں ابھی کیس چلے گا اور دیکھا جائے گا اور 12 ستمبر کو ہونے والی سماعت میں اچھے نتائج کی توقع ہے۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ کوئی ایسا قدم نہ اٹھایا جائے جس سے ملک کا نقصان ہو لیکن یہاں ہر کوئی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنانے میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ اداروں میں کچھ لوگوں کی وجہ سے مسائل پیدا ہوتے ہیں اور اگر ادارے اپنی حدود سے باہر نکلیں تو نقصان پاکستان کا ہوگا، ملکی استحکام کے لیے ضروری ہے کہ ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی کے بعد شریف خاندان کے لئے مشکل حالات پیدا ہوئے تاہم مریم نواز اور ان کی والدہ نے کٹھن حالات میں سیاسی سفر کا آغاز کیا۔

ٹیگس