سوئٹزرلینڈ کے سفیرپاکستانی وزارت خارجہ میں طلب
پاکستان نے سوئٹزلینڈ سے آزاد بلوچستان سے متعلق تشہیری مہم روکنے اور کالعدم بی ایل اے کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستانی دفترخارجہ نے سوئٹزر لینڈ کے پاکستان میں نامزد سفیر تھامس کولی کو طلب کرکے جنیوا میں ہونے والی پاکستان مخالف اشتہاری مہم پر شدید احتجاج کیا ہے۔
پاکستان کے دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف سوئٹزرلینڈ کی سرزمین کااستعمال عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔ سوئٹزر لینڈ کسی خود مختار ملک کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہ ہونے دے۔
دوسری جانب سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب فرخ عامل نے سوئس ہم منصب کو ایک مراسلہ بھیجا ہے جس میں سوئس سرزمین کو بی ایل اے تنظیم کی جانب سے پاکستان مخالف سرگرمیوں کےاستعمال پر گہری تشویش اور تحفظات سے آگاہ کیا گیاہے۔
مراسلے کے متن میں کہا گیا ہے کہ سوئٹزرلینڈ میں “آزاد بلوچستان” نعرے کی تشہیر پاکستان کی سالمیت و خود مختاری پر حملہ ہے۔
واضح رہے کہ کالعدم دہشت گرد تنظیم بی ایل اے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر حملوں میں ملوث ہے۔