Dec ۱۹, ۲۰۱۷ ۰۸:۴۰ Asia/Tehran
  • پاکستانی سینیٹ: امریکہ ڈرون حملوں کے متاثرین کومعاوضہ دے

پاکستانی سینیٹ نے امریکی حکومت سے ڈرون حملوں کے متاثرین کے لیے معاوضہ طلب کرنے کی قرارداد منظورکر لی۔

 پاکستانی سینیٹ کا اجلاس چیئرمین رضا ربانی کی زیرصدارت شروع ہوا جس میں مختلف قراردادیں پیش کی گئیں، ایوان بالا نے سینیٹر سحر کامران کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کی منظوری دی جس میں کہا گیا کہ حکومت نے جتنے بھی بین الاقوامی کنونشنز، معاہدوں  اور وعدوں پر دستخط یا منظور کیے ہیں ان سب کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پیش کیا جائے۔

ایوان بالا نے ڈرون حملوں کے متاثرین کا امریکی حکومت سے معاوضہ طلب کرنے کی قرارداد بھی منظور کی جو مسلم لیگ (ن) کے سینیٹرمحمد جاوید عباسی نے پیش کی تھی جس میں کہا گیا کہ آیا یہ حقیقت ہے کہ امریکا کی حکومت ان ممالک سے جنہوں  نے شہریوں کی جان اور املاک کو نقصان پہنچایا معاوضہ طلب کر رہی ہے، آیا یہ بھی حقیقت ہے کہ پاکستان میں  سنہ 2000ء سے ہونے والے امریکی ڈرون حملوں میں پاکستان کے معصوم شہریوں کی جان اور املاک کا نقصان ہوا ہے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ ایوان سفارش کرتا ہے کہ حکومت پاکستان میں سنہ 2000ء سے شروع ہونے والے ڈرون حملوں میں  ہونے والی معصوم شہریوں کی ہلاکت اور املاک کے نقصانات کا معاوضہ امریکی حکومت سے طلب کرے، علاوہ ازیں یہ ایوان زور دیتا ہے کہ اس قرارداد کی کاپی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی، نیٹو، یورپی یونین، دولت مشترکہ اور اے پی اے کے رکن ممالک کو بھیجے تاکہ ڈرون حملوں کے متاثرین کو ہونے والے معاشرتی، معاشی اور نفسیاتی اثرات کو نمایاں  کیا جا سکے۔

 

ٹیگس