امریکی دھمکی پاکستان کو نقصان نہیں پہنچاسکتی: آرمی چیف
پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ بہادر جوانوں کی موجودگی میں امریکی دھمکی پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی ۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کا کرک علاقے میں کہنا تھا کہ کوئی دھمکی پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی اور نوجوانوں کی قربانیاں ہمیں پر امن اور مستحکم پاکستان کی طرف لے جا رہی ہیں۔
دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنے وقار پر سمجھوتا نہیں کرے گا اور امریکی صدر کے بیان پر قومی رد عمل خوش آیند ہے ۔
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ کولیشن سپورٹ فنڈ افغانستان کی جنگ کے لیے تھا، افغانستان میں ایک کھرب ڈالر خرچے کا نتیجہ سب کو معلوم ہے اور آج بھی ہماری 2 لاکھ سے زائد فوج سرحد پر موجود ہے ۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ضرب عضب کے تحت حقانی نیٹ ورک کے خلاف بھی آپریشن کیا اور کسی آپریشن کے نتائج فوری طور پر نہیں آجاتے جبکہ حقانی نیٹ ورک کے خلاف ایکشن آنے والا وقت بتا سکتا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف امریکی کارروائی پر عوامی امنگوں کے مطابق جواب دیں گے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا نے پاکستان کی 25 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی فوجی امداد روکنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ وہ برسوں سے امریکا کے ساتھ ڈبل گیم کھیل رہا ہے۔