پاکستانی و زیراعظم کی امریکی ائیرپورٹ پر تلاشی
پاکستان کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ امریکی ایئرپورٹ پر تلاشی سے میری عزت مجروح نہیں ہوئی۔
پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے امریکی ایئر پورٹ پر ہونے والی تلاشی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں 40 سال سے امریکا کا سفر کر رہا ہوں اور ایئرپورٹ پر اسی طرح کے تلاشی کے عمل سے گزرا ہوں، میں نے سابق امریکی صدر بل کلنٹن کو بھی اسی طرح کی تلاشی کے عمل سے گزرتے دیکھا ہے اس لیے سمجھتا ہوں کہ کسی دوسرے ملک میں وہاں کے مروجہ قوانین کی پاسداری کرنے سے عزت میں کمی نہیں آتی بلکہ بڑھتی ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ چاہتا تو سفارت خانے کے ذریعے خط لکھ کر وی آئی پی پروٹول حاصل کرسکتا تھا تاہم ایسا نہیں کیا، چاہتا تو سفارتخانے کے ذریعے ایف بی آئی کے ایجنٹس بلوا لیتا جو ایئرپورٹ پر مخصوص راستوں سے مجھے لے جاتے ۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کا دورہ نجی نوعیت کا تھا اور امریکی نائب صدر سے ملاقات کا موقع ملا تو ملاقات کرلی کیونکہ امریکی نائب صدر نے خود کہا تھا کہ امریکا آمد پر وقت ملے تو ملاقات کرلیں ، اس ملاقات میں دفاعی اتاشی میرے ساتھ تھے اور میں نے پاکستان کا موقف امریکی نائب صدر کے سامنے رکھا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کےدورہ امریکہ کے موقع پر ان کی تلاشی لی گئی جس پر پاکستان کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے وزیر اعظم کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے پاکستان کی تذلیل قرار دیا۔