پاکستان میں دہشتگردی 5 ہلاک 5 زخمی
گلگت بلتستان میں کارگاہ پولیس چوکی پرنامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ 2 دہشت گرد مارے گئے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق گلگت بلتستان میں کارگاہ پولیس چوکی پردہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 3 اہلکارہلاک جب کہ پولیس کی جوابی فائرنگ میں 2 دہشتگرد مارے گئے۔ واقعے کے بعد صوبے بھر میں سیکورٹی الرٹ کردی گئی ہے۔
خیال رہے اس سے قبل گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں تعلیم دشمن شرپسندوں نے داریل، تانگیر، چلاس، تھور اور ہڈور میں 12 گرلز سکولوں میں توڑ پھوڑ کرنے کے بعد آگ لگائی جبکہ 2 اسکولوں کو دھماکے سے اڑا دئیے تھے۔
ادھر آج صبح بلوچستان کے علاقے دالبندین میں ایک مسافر بس کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 5افراد زخمی ہوگئے، دھماکے کو خودکش قرار دیا جارہا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے مسافر بس کے قریب آنے کی کوشش کی تاہم وہ بس سے کچھ فاصلے پر ہی دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 5افراد زخمی ہوئے۔
لیویز ذرائع کے مطابق دھماکے کے تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، خودکش حملہ آور نے جس بس کو نشانہ بنانے کی کوشش کی وہ سیندک منصوبے کے ملازمین کی بس تھی۔
لیویز فورس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، پولیس اور سیکیورٹی ادارے اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔