May ۱۷, ۲۰۱۹ ۰۸:۵۵ Asia/Tehran
  • پیپلز پارٹی کے بعد ن لیگ  نے بھی حکومت کے خلاف تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا

پاکستان میں عمران خان کی 9 ماہ کی حکومت کو گرانے کے لئے اس ملک کی سیاسی جماعتوں نے کمر کس لی ہے۔

پاکستان کےسابق صدر اور پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری کی جانب سے پارلیمنٹ میں نہیں بلکہ سڑکوں پر حکومت مخالف تحریک چلانے کے اعلان کے صرف ایک روز بعد ہی پاکستان کےسابق وزیراعظم نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو بےروزگاری، ایمنسٹی اسکیم اور مہنگائی پر حکومت کے خلاف احتجاج کی ہدایت کردی ہے۔

کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قید مسلم لیگ (ن) کے نا اہل ہونے والے قائد نواز شریف نے پارٹی کے اہم رہنماؤں سے ہونے والی ملاقات میں ملکی معیشت کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں کو عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ مہنگائی سے عوام پریشان ہیں اور ہمیں عوام کی آواز بننا ہے، اخبارات میں مہنگائی اور ڈالر کی اڑان کا پڑھ کر بہت پریشان ہوتا ہوں، آئی ایم ایف پیکیج کے بعد ڈالر کی قیمت میں اضافہ نہیں ہونا چاہیے تھا، کسان اس مہنگائی میں پس چکا ہے، پیٹرول ،ڈیزل اور کھاد کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، حکومت نے عوام کے ساتھ جو رویہ اپنایاہے وہ کسی صورت قبول نہیں، مسلم لیگ (ن) اب مہنگائی پر مزید خاموش نہیں رہے گی۔

ذرائع کے مطابق (ن) لیگ عید الفطر کے بعد بھرپور تحریک کا آغاز کرے گی، نواز شریف نے پارٹی کو احتجاج کی اجازت بھی دے دی ہے تاہم احتجاج کس نوعیت کا ہوگا، اس حوالے سے آئندہ ملاقات میں نوازشریف کو بریفنگ دی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزاسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں پاکستان کے سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ نیب اور معیشت ایک ساتھ نہیں چل سکتی ۔عید کے بعد حکومت کے خلاف تحریک چلانے کے حوالے سے سابق صدر نے کہا کہ اس بات کا ان کو بھی اندازہ ہے اس لیے تو کیسز بن رہے ہیں، پارلیمنٹ میں نہیں بلکہ سڑکوں پر حکومت مخالف تحریک چلائیں گے۔

ٹیگس