اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاری پر وزیر اعظم پاکستان کا رد عمل
پاکستان میں یکے بعد دیگرے اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاری پر سخت رد عمل سامنے آرہا ہے۔
مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز پر الزام لگانا ہے توعوام کے سامنے لگائیں۔ انہوں نے تمام گوشواروں میں اپنے اثاثے ظاہرکیے۔ حمزہ شہباز نےنیب کی جانب سے دیاجانے والے سوالنامے کابھی جواب دیا۔ سیاست اورسیاستدانوں کو بدنام کرنے کے لئے اس طرح کے کیسز بنائے جا رہے ہیں۔
ادھرمریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بات بہت آگے جاچکی ہے، اب حکومت کے ساتھ کسی قسم کی بات نہیں ہوسکتی، عمران خان کسی اور کے اشارے میں یہ سب کام کر رہے ہیں۔
ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز پر لگائے گئے الزامات غلط تھے، اپوزیشن نے اس سے قبل جیلیں بھی کاٹیں اور پھانسی بھی چڑھے، آج حمزہ شہباز کیلئے گرفتاری نئی نہیں ہے۔
اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاری پرپاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا اللہ تعالی کو پاکستان پر رحم آگیا ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں عمران خان کا کہنا تھا قانون سب کے لیے یکساں ہے، جو لوگ پکڑے جا رہے ہیں اس سے ہمیں فائدہ ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری کے بعد کل حمزہ شہباز کو بھی گرفتار کر لیا گیا جبکہ نواز شریف پہلے ہی جیل میں اپنی سزا بھگت رہے ہیں۔