وزیر اعظم عمران خان کا مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مذاکرات کے لئے آمادگی کا اعلان
پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان نے جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مذاکرات کے لئے آمادگی کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق عمران خان کی صدارت میں پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں اپوزیشن کے آزادی مارچ، ملک کے سیاسی و معاشی معاملات اور دیگر اہم امور پر مشاورت کی گئی۔عمران خان نے اپنی پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مذاکرات کے لئے آمادگی ظاہر کی ۔ انھوں نے کہا ہے کہ سیاسی حل کے لئے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مذاکرات میں کوئی مذائقہ نہیں ہے ۔یہ ایسی حالت میں ہے کہ عمران خان نے مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں حزب اختلاف کے آزادی مارچ کا سیاسی حل تلاش کرنے کی ذمہ داری وزیر دفاع پرویز خٹک کو سونپ دی ہے۔انھوں نے کہا کہ حزب اختلاف کے آزادی مارچ کے مسئلے میں وزیر دفاع پرویز خٹک کمیٹی قائم کریں اور اپنی مرضی سے اس کے اراکین کا انتخاب کریں ۔