Nov ۰۱, ۲۰۱۹ ۱۴:۴۶ Asia/Tehran
  • اپوزیشن کے آزادی مارچ کے قائد مولانا فضل الرحمن ملک دشمن ہیں : عمران خان کا اعلان

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن کے آزادی مارچ کے قائد مولانا فضل الرحمن کو ملک دشمن قرار دیا ہے۔

پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق عمران خان نے گلگت میں ایک عوامی جلسے سے خطاب میں کہا کہ ملک کے دشمن مولانا فضل الرحمن کے مارچ سے خوش ہو رہے ہیں۔

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے ہوتے ہوئے، یہودیوں کو پاکستان کے خلاف سازش کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بقول ان کے ہندوستان کا میڈیا مولانا فضل الرحمن کو دکھا کے خوش ہو رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ مولانا فضل الرحمن انڈین نیشنل ہیں۔

پاکستان کے وزیر ا‏عظم عمران خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی والوں کو پتہ ہی نہیں ہے کہ وہ مارچ میں کیوں شامل ہیں ۔عمران خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن ووٹ لینے کے لئے اسلام کو استعمال کررہے ہیں اور اس طرح وہ اسلام کو نقصان پہنچا رہے ہیں ۔عمران خان نے آزادی مارچ میں شریک ہونے والوں کو بیروزگار قرار دیتے ہوئے کہا کہ سارے بے روزگار اکٹھا ہوگئے ہیں ، جتنی دیر بیٹھنا چاہیں بیٹھیں لیکن این آر او کسی کو نہیں ملے گا۔انھوں نے پیپلز پارٹی کے صدر بلاول بھٹو زرداری کو لبرل کرپٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو صرف اس طرح لبرل ہے کہ لبرلی کرپٹ ہے ورنہ لبرل ازم اس کے پاس سے بھی نہیں گزرا ہے ۔

ٹیگس