Nov ۰۲, ۲۰۱۹ ۰۷:۴۲ Asia/Tehran
  • فضل الرحمان کے ہوتے ہوئے یہودیوں کو پاکستان کے خلاف سازش کی ضرورت نہیں:عمران خان

پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ فضل الرحمان اسلام کے ٹھیکیدار بنے ہوئے ہیں لیکن انہیں ڈیزل کا پرمٹ دو فضل الرحمان کا اسلام مٹ جاتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں جے یو آئی (ف) کے آزادی مارچ میں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہیں، وہ کس سے آزادی لینے اسلام آباد آرہے ہیں، میڈیا جاکر مظاہرین سے پوچھے وہ کس سے آزادی لینے آئے ہیں۔

عمران خان نے جے یو آئی (ف) کے آزادی مارچ کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ فضل الرحمان کے ہوتے ہوئے یہودیوں کو پاکستان کے خلاف سازش کی کیا ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن فضل الرحمن کے آزادی مارچ سے خوش ہیں۔

پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ فضل الرحمان اسلام کے ٹھیکیدار بنے ہوئے ہیں لیکن انہیں ڈیزل کا پرمٹ دو فضل الرحمان کا اسلام مٹ جاتا ہے، یہ لوگ اسلام کو نقصان پہنچا رہے ہیں، فضل الرحمن کو دیکھ کر اسلام کی طرف کوئی نہیں آئے گا بلکہ اسلام کو چھوڑ دے گا۔ بلاول بھی لبرل کا لیبل لگا کرمارچ میں شرکت کرنےآیا ہے، بلوچستان سے اچکزئی بھی آگئے ہیں، اچکزئی توجے یوآئی کی مخالفت کرتا رہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ آزادی مارچ میں جتنے دن مرضی بیٹھنا ہے بیٹھیں، کھانا ختم ہوجائے گا تو وہ بھی دیں گے لیکن این آر او نہیں دیں گے، باری سب کی آئے گی، دنیا ادھر ادھر ہوجائے میں انہیں جیلوں میں ڈالوں گا، ان لوگوں نے 6 ارب کا قرض 30 ارب ڈالر پرپہنچا دیا، قرض کا پیسہ ان کی جیبوں میں گیا، منی لانڈرنگ کےذریعے پیسہ باہر بھیجا گیا۔

قبل ازیں بلتستان کی یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں نے ڈوگرا راج کے خلاف جنگ لڑی، گلگت بلتستان کے جوانوں کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور گلگلت کے عوام نے جنگ نہ لڑی ہوتی تو آج مودی کے ظلم کا شکار ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں مودی حکومت نے 3 ماہ سے کرفیو لگایا ہوا ہے، کرفیو ہٹتے ہی انسانوں کا سمندر باہر نکلے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موت کا خوف ختم ہو تو انسان بڑا انسان بن جاتا ہے، مرنے کا خوف انسان کو غلام بنا دیتا ہے، مسلمان میں موت کا خوف ختم ہو جاتا ہے، کلمہ پڑھنے والا انسان کبھی کسی کی غلامی قبول نہیں کرتا، مسلمانوں نے 10 سال میں اس وقت کی دو سپرپاور کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔

 

ٹیگس