حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات ناکام ڈیڈ لاک برقرار
اسلام آباد میں جے یو آئی کے رہنما اکرم خان درانی کے گھر پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات ہوئے۔ اپوزیشن کی جانب سے حکومت کو دیے گئے مطالبات پر بات چیت کی گئی تاہم گزشتہ روز کی طرح کل بھی ملاقات بے نتیجہ ختم ہوگئی اور کسی معاملے پر اتفاق نہیں ہوسکا۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق مذاکرات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے رہبر کمیٹی کے سربراہ اکرم درانی نے کہا کہ کل بھی پرویزخٹک اپنےوفد کے ساتھ آئے تھے، ہم الیکشن میں فوج کا عمل دخل ختم کرنے سمیت دیگر مطالبات پر ڈٹے ہوئے ہیں، جبکہ حکومت درمیانی راستہ نکالنےکی کوشش کررہی ہے۔
حکومتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا کہ کچھ چیزوں پر اتفاق ہوا ہے کچھ پر ڈیڈ لاک برقرار ہے، جب ہمارے درمیان معاہدہ ہوگا تو سب کچھ واضح ہوجائے گا ، فی الحال اس حوالے سے بتانا بہتر نہیں۔ کوشش ہے کہ ڈیڈلاک دور ہوجائے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ حکومت کوشش کررہی ہے درمیانی راستہ نکلے، ایسا راستہ ہو کہ انکی بھی عزت ہو اور ہماری بھی رہے، ہم اپنے موقف پر بالکل ڈٹے ہوئے ہیں اور دوسری طرف اپوزیشن کی 9 جماعتیں بھی اپنے چاروں مطالبات پر قائم ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم نے کہا ہےکہ اپوزیشن سنجیدہ مذاکرات چاہتی ہے تو مثبت جواب دیا جائے، استعفے کے علاوہ تمام جائز مطالبات ماننے کو تیار ہیں۔