Nov ۱۳, ۲۰۱۹ ۱۸:۳۸ Asia/Tehran
  • اسلام آباد میں دھرنا ختم ، حکومت کے خلاف اگلے محاذوں پر جانے کا اعلان

اسلام آباد میں حزب اختلاف کے آزادی مارچ کے قائد اور جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ نے اسلام آباد میں دھرنا ختم کرکے حکومت کے خلاف اگلے محاذوں پر جانے کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے اسلام آباد میں آزادی مارچ سے خطاب میں دو ہفتے سے جاری دھرنے کے خاتمے کا اعلان کردیا ۔

مولانا فضل الرحمن نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ یہ دھرنا حکومت کے خلاف آزادی مارچ کے پلان بی پر عمل کے لئے ختم کیا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ اب دھرنے پر بیٹھے لوگ حکومت کے خلاف تحریک کے اگلے محاذ پر جائیں گے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہمارے جاں نثار اور عام شہری پلان بی کے تحت سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ وہ اور ان کے ساتھی آج ہی یہاں سے روانہ ہوں گے اور سڑکیں بلاک کرنے والوں میں شامل ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم شہروں کے اندر نہیں بلکہ مرکزی شاہراہوں پر بیٹھیں گے ۔

مولانا فضل الرحمن نے اسی کے ساتھ ملک کے عوام سے اپیل کی کہ جو لوگ دوری کی وجہ سے یہاں نہیں آسکے وہ گھروں سے نکل کے سڑکوں پر آجائیں ۔

یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمن کے اعلان پر آزادی مارچ کے پلان بی پر عمل کرتے ہوئے جمیعت علمائے اسلام ف کے کارکنوں نے بدھ کو کوئٹہ چمن شاہراہ پر دھرنا دے کر اس کو بند کردیا ۔

بتایا گیا ہےکہ کوئٹہ چمن شاہراہ پر دھرنے کی وجہ سے پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور نیٹو کی سپلائی معطل ہوگئی ہے۔ ادھر کراچی میں بھی پلان بی کے تحت دھرنے اور مظاہروں کے امکان کے پیش نظر محکمہ پولیس نے افسران کو ضروری احکامات جاری کردیئے ہیں ۔

 

ٹیگس