او آئی سی کو کشمیر پر موثر آواز اٹھانی چاہئیے: پاکستان
پاکستان کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ مسلم ممالک میں پیدا ہونے والی غلط فہمیوں کو دور کریں گے۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں پاکستان کےوزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سعودی وزیر خارجہ سے ہونے والی ملاقات میں ان سے کہا گیا کہ او آئی سی میں کشمیر اور مسلمانوں پرظلم کے حوالے سے بات کرنی چاہیے، انہوں نے یقین دلایا کہ او آئی سی کے پلیٹ فارم سے کشمیر پر موثر آواز اٹھے گی۔
پاکستان کے وزیرخارجہ نے کہا کہ مسلم ممالک میں پیدا ہونے والی غلط فہمیوں کو دور کریں گے، فروری میں ترک صدر پاکستان کا دورہ کریں گے، ترکی اور ملائیشیا کے شکرگزار ہیں انہوں نے ہمارے موقف کو سمجھا، ہماری کوشش رہی ہے کہ مسلم ممالک میں غلط فہمیوں کو دور کریں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ہندوستان میں ایک طرف سیکولرازم اور دوسری طرف ہندوتوا سوچ ہے جب کہ ہندوستان کی کوئی ایسی ریاست نہیں جہاں احتجاجی ریلی نہ نکلی ہو، پورے ہندوستان میں احتجاج کی کیفیت ہے ۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے نیب قانون میں تبدیلی کا مطالبہ کیا تاہم اب تبدیلی کی ہے تو اسے نیا رنگ دیا جا رہا ہے جب کہ کسی کو این آر او دیا ہے نہ کسی کا تحفظ کر رہے ہیں۔