پاکستانی سرزمین کسی ہمسایہ ملک کے خلاف استعمال نہیں ہو گی: شاہ محمود قریشی
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ ہماری سرزمین کسی ہمسایہ ملک کے خلاف استعمال نہیں ہو گی۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم نے واضح طور پر کہا کہ ہماری سرزمین کسی ہمسایہ ملک کے خلاف استعمال نہیں ہو گی اور وزیراعظم عمران خان کا گزشتہ روز کا بیان بھی واضح اور دو ٹوک تھا کہ پاکستان کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا اور امن کے لیے ہماری کوششیں جاری رہیں گی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایران امریکا کشیدگی کم کروانے کے لئے ہمارے روابط جاری ہیں، میں خطے کے اہم ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے کر رہا ہوں، 3 جنوری کے بعد میرا پہلا ٹیلیفونک رابطہ ایرانی وزیر خارجہ سے ہوا اور ان سے میری بات چیت بہت مفید رہی، یہ بات واضح ہے کہ ہمارا خطہ کسی جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا، کشیدگی میں کمی لانے کے لئے پاکستان اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لئے پر عزم ہے، اگر صورتحال،خدانخواستہ کشیدہ ہوتی ہے تو اس کے اثرات پورے خطے پر پڑیں گے اور افغان امن عمل بھی متاثر ہو سکتا ہے۔
وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ مسلم امہ کے ساتھ ہمارے تعلقات بہت اچھے ہیں اور ہم انہیں مزید مستحکم بنانا چاہتے ہیں، پاکستان نے ہمیشہ مسلم امہ کے مابین پل کا کردار ادا کرنے کی کوشش کی اور کرتا رہے گا ۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہندوستان نے متنازعہ ترمیمی شہریت ایکٹ اور این آر سی جیسے امتیازی قوانین مسلط کئے جس میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے حقوق کو سلب کرنے کی کوشش کی گئی ۔