Jun ۲۸, ۲۰۲۰ ۱۰:۰۷ Asia/Tehran
  • پاکستانیوں کی اکثریت کورونا کے خطرے کو مبالغہ آمیز سمجھتی ہے: سروے رپورٹ

پاکستان میں ہونے والی سروے رپورٹ کے مطابق پاکستانیوں کی اکثریت کورونا کے خطرے کو مبالغہ آمیز سمجھتی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے نئے 4 ہزار 72 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 2 ہزار955 ہو چکی ہے جبکہ اس موذی وبا کے ہاتھوں مزید 83 افراد لقمۂ اجل بن گئے اور اس طرح اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 4 ہزار 118 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے پاکستان میں ایک لاکھ 6 ہزار 213 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جبکہ 94 ہزار 624 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب گیلپ پاکستان نے کورونا کے اثرات پر تازہ ترین ملک گیر سروے جاری کیا ہے جس کے مطابق 55 فیصد پاکستانی کورونا کے خطرے کو اب بھی مبالغہ آمیز سمجھتے ہیں تاہم اس سوچ میں مئی کے بعد 8 فیصد کمی آئی ہے۔

گیلپ سروے کے مطابق کورونا کی وبا کے قابو میں ہونے سے متعلق شہریوں کی رائے تقسیم نظر آئی۔47  فیصد شہریوں نے رائے دی کہ کورونا کی عالمی وبا قابو میں ہے، تاہم 45 فیصد اس رائے سے غیر متفق نظر آئے۔

کورونا کی وبا کے دوران 37 فیصد پاکستانیوں نے اپنی ملازمتیں کھونے یا تنخواہوں میں کمی کی رپورٹ کی ہے۔

ٹیگس