Jun ۲۹, ۲۰۲۰ ۱۳:۱۵ Asia/Tehran
  • وزیراعظم پاکستان نے کی اسٹاک ایکسچینج حملے کی مذمت

پاکستان کے وزیراعظم اور اس ملک کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے آج کراچی اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں نے بہادری سے دشمن کا مقابلہ کیا اور حملہ ناکام بنایا۔

عمران خان نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی صحتیابی کے لیے دعا کی۔

واضح رہے کہ آج صبح 4 دہشت گرد سفید رنگ کی ایک کار میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے احاطے میں داخل ہوئے، گاڑی سے نکلتے ہی انہوں نے فائرنگ شروع کردی۔ اس موقع پر عمارت کی سیکیورٹی پر تعینات گارڈز اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے انہیں روکنے کی کوشش کی جس پر دہشت گردوں نے فائرنگ کے ساتھ ساتھ دستی بم پھینکے، دہشت گرد ٹریڈنگ ہال میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے، جہاں انہوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے تبادلے میں تمام چاروں دہشت گرد ہلاک جب کہ پولیس اہلکار سمیت 4 سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگئے ۔

 مجموعی طور پر 9 لاشوں اور 8 زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جاں بحق ہونے والوں میں 4 سیکورٹی گارڈ اور سندھ پولیس کا سب اسپکٹر شامل ہیں ۔

حملہ آوروں  کی عمریں 22 سال سے 28 برس کے درمیان ہیں۔

دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ 2 سے 3 مشتبہ افراد کو پولیس نے جائے وقوعہ سے گرفتار کیا ہے۔

ٹیگس