Aug ۱۴, ۲۰۲۰ ۱۲:۵۰ Asia/Tehran
  • ہم نےدہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں قربانیاں دیں: پاکستان

پاکستان کےصدر اور وزیر اعظم نے پاکستانی عوام کو 74ویں یومِ آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا۔

ایوانِ صدر میں جشنِ آزادی اور پرچم کشائی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ قیامِ پاکستان کے بعد ملک کو بہت سے چیلنجز کا سامنا رہا، وطن بنانا ایسے ہی ہے جیسے صدیوں بعد آزادی ملے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سب سے زیادہ دہشت گردی کا مقابلہ کیا، پاکستان نے انتہا پسندی کے خلاف قوموں کو جوڑا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سب سے زیادہ مہاجرین کی میزبانی کی، پاکستان نے 35 لاکھ افغان مہاجرین کو پناہ دی، ہم نے دل کھول کر افغان مہاجرین کا استقبال کیا، آج بھی پاکستان میں 27 لاکھ افغان مہاجرین موجود ہیں جبکہ مغربی ممالک 100 تارکین کو بھی پناہ نہیں دیتے، پاکستان ہمیشہ افغانستان میں امن کے لیے کوشاں رہا ہے، افغانستان میں امن کا دوسرا بینیفشری پاکستان ہے۔

صدر پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے، ان کا مقدمہ لڑتے رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث دنیا بھر میں لاک ڈاؤن ہوا، وزیرِ اعظم عمران خان نے فیصلہ کیا کہ ہم لاک ڈاؤن نہیں کر سکتے، حکومت نے کورونا کے خلاف کامیاب حکمتِ عملی اپنائی، کامیاب حکمتِ عملی پر وزیرِ اعظم عمران خان کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔

در ایں اثناء پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے یوم آزادی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہماری قوم نے ہمسایہ ملک کی دشمنی، دہشت گردی، قدرتی آفات، وبائی امراض کا بہادری اور استقامت سے مقابلہ کیا، ہم آج عہد کرتے ہیں کہ آئندہ بھی ثابت قدم رہیں گے اور مستقبل میں ہر مسئلے کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

کشمیر کے معاملے پرعمران خان کا کہنا تھا کہ آج آزادی کے دن ہمارا دل ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہمارے بھائیوں کے دکھ میں غمزدہ ہے جہاں گزشتہ ایک سال سے فوجی محاصرہ جاری ہے، ہم حق خود ارادیت کی جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر فورم پر اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

 

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation link (11) : https://chat.whatsapp.com/BWheYzgo6g14jMJDBW62qg

 

ٹیگس