Aug ۳۰, ۲۰۲۰ ۱۰:۲۳ Asia/Tehran
  • جذبۂ حسینی مسلمانوں کے ایمان و یقین کو جلا بخشتا ہے: پاکستانی وزیر اعظم

پاکستان میں عاشورائے حسینی کے ماتمی جلوسوں کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

یومِ عاشور کے موقع پر پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد سے جاری کیے گئے پیغام میں کہا ہے کہ آج حرمت والے مہینے محرم الحرام کی 10 تاریخ ہے اور جذبۂ شبیری مسلمانوں کے ایمان و یقین، سچائی اور اصول پسندی کی روایت کو جلا بخشتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان حضرت امام حسینؓ کی شہادت کی لازوال قربانی کی یاد تازہ کر رہے ہیں، یہ اسلام کے ابدی پیغام اور جذبۂ قربانی کی لازوال روایت کی آبیاری کا سرچشمہ ہے۔

پاکستان کے وزیرِ اعظم  نے مزید کہا کہ کشمیر کے عوام نے حق پر قائم رہتے ہوئے سنتِ امام حسین (ع) کو زندہ رکھا ہے۔

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں دسویں محرم یعنی عاشورا کے جلوسوں کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں اور ماتمی جلوسوں کے راستوں پر سیف سٹی کے کیمروں کے ذریعے مکمل نگاہ رکھی جا رہی ہے۔

پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ ساتھ رینجرز کے جوان بھی سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں اور سیکورٹی کے پیش نظر موبائل سروس صبح سے شام تک بند رہے گی۔

عاشور کے جلوس کے سلسلے میں چھوٹے بڑے علاقوں کو کنٹینر اور خاردار تاروں کے ذریعے بند کر دیا گیا ہے اور جلوس کے راستے میں آنے والی تمام عمارتوں کی چھتوں پر پولیس فورس کے اسپیشل اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

جلوسوں کی سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے لیا جا رہا ہے اور تلاشی کے بعد جلوس میں شامل ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جلوس کے دوران کسی قسم کے ناخوش گوار واقعے سے بچنے کے لیے سیکیورٹی اداروں سے مکمل تعاون کریں۔

ٹیگس