نواز شریف کی عمران خان پر سخت تنقید
پاکستان مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف نے اپنی پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں عمران خان حکومت پر سخت تنقید کی۔
نواز شریف نے مسلم لیگ نون کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں ملک کے حالات کو افسوسناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بھائی شہباز شریف کو ناکردہ گناہوں پر جیل میں ڈالا گیا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ شہباز شریف کو اپنے دفاع میں کچھ بھی کہنے کا موقع دیئے بغیر پکڑ کے جیل بھیج دیا گیا۔ نواز شریف نے عمران خان کی حکومت پر ملک کو تباہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بقول ان کے سیلیکٹیڈ وزیر اعظم نے ملک کو پوری طرح تباہ کر دیا۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ آج ملک کے ڈیڑھ کروڑ لوگ بے روز گار ہو چکے ہیں۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ لوگ روٹی کھاتے ہیں تو ان کے پاس سالن کے پیسے نہیں ہوتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی تباہی اور مہنگائی کے ذمہ دار عمران خان کی حکومت ہی ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ وزیر اعظم ملک کو ریاست مدینہ بنانے کے دعوے کرتے ہیں لیکن حالات یہ ہے کہ ملک میں لوگ سکون سے سو بھی نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ آج جب وہ ملک پر نظر ڈالتے ہیں تو تکلیف محسوس کرتے ہیں۔
نواز شریف نے عمران خان کی حکومت پر ایسے عالم میں سخت ترین الزامات عائد کئے کہ احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں ان کی جائیداد اور اثاثہ جات ضبط کرنے کا حکم صادر کیا ہے۔ احتساب عدالت نے جمعرات کو توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کی ۔ سماعت کے دوران عدالت کے سامنے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جائیداد اور اثاثوں کی رپورٹ پیش کی گئی جس کے بعد عدالت نے انکے اثاثہ جات ضبط کرنے کے احکامات جاری کر دئے۔