ایران پاکستان اقتصادی تعلقات کے فروغ پر تاکید
پاکستان میں ایران کے سفیر نے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کی توسیع کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے اسلام آباد سے شائع ہونے والے اخبار بیزنس ریکارڈر سے گفتگو میں ایران کی چابہار اور پاکستان کی گوادر بندرگاہوں کے اتصال کو دونوں ملکوں کے اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لئے اہم قرار دیا۔انھوں نے کہا کہ ایران، پاکستان کی ترقی و پیشرفت اور سلامتی کو اپنی ترقی و سلامتی سمجھتا ہے اور اس کا خیال ہے کہ دونوں ملکوں کی ان بندرگاہوں کی ترقی علاقے میں دو طرفہ تجارت کے فروغ کا باعث بنے گی۔
ایرانی سفیر نے ایران و پاکستان کے درمیان تعاون و سرمایہ کاری کے مواقع کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ توانائی، تیل اور گیس کے شعبے دونوں ملکوں کی سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کے لئے خاصی گنجائش رکھتے ہیں۔پاکستان میں ایران کے سفیر نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن کے بارے میں بھی کہا کہ اس منصوبے پر دونوں ملکوں کے حکام نے سن دو ہزار نو میں دستخط کئے تھے اور ایران نے امریکہ کی غیر قانونی پابندیوں اور دباؤ منجملہ اقتصادی بندشوں کے باوجود اپنے سے متعلق اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے۔