Oct ۱۶, ۲۰۲۰ ۰۸:۱۰ Asia/Tehran
  • پاکستان میں 20 سکیورٹی اہلکار جاں بحق،  وزیراعظم کا شدید ردعمل

پاکستان میں دہشتگردوں نے ایک دن میں 20 سکیورٹی اہلکاروں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا۔

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں اور گارڈز کے خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کا یہ واقعہ دشمن عناصر کا بزدلانہ عمل ہے۔ شرپسند عناصر کو ان کے ناپاک عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ حملے میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے انھیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

واضح رہے کہ کل کوسٹل ہائی وے پر اورماڑا کے قریب سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان مقابلے میں سات ایف سی اہلکار اور قافلے کے سات گارڈ جاں بحق ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردی کا ایک اور واقعہ شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں پیش آیا جہاں بارودی سرنگ کے دھماکے میں 6 فوجی اہلکار جاں بحق ہوئے۔

سیکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ سے دہشتگردوں کا بھاری نقصان ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کا گھیراؤ کرکے دہشتگردوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

ٹیگس