Oct ۱۷, ۲۰۲۰ ۲۰:۵۱ Asia/Tehran
  • اب اپوزیشن کو ایک مختلف عمران خان کا سامنا کرنا ہوگا: وزیر اعظم پاکستان

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن رہنماؤں پر فوج اور عدلیہ میں انتشتار پھیلانے کا الزام عائد کیا ہے۔

اسلام آباد میں ٹائیگر فورس کے کنوینشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف جو گیم کھیل  ہے رہیں اس کا مقصد عدالتوں اور فوج کے اندر انتشار پھیلانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'نواز شریف کا حملہ آرمی چیف پر نہیں بلکہ فوج پر ہے۔ انہوں نے نواز شریف کو مخاطب کرکے کہا کہ 'آج سے میری پوری کوشش ہوگی کہ  تم کو ملک میں واپس لایا جائے۔ عمران خان نے پاکستانی فوج کو سراہتے ہوئے کہا کہ کراچی کی بارشیں ہوں یا کورونا کی وبا، آرمی چیف جنرل باجوہ نے مشکل وقت میں ہماری مدد کی، اپنے دفاعی اخراجات کم کیے، خارجہ پالیسی میں ہمارے ساتھ کھڑے رہے۔

وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے گوجرانوالہ میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے پہلے جلسے  کو سرکس قرار دیتے ہوئے کہا کہ جمعہ کی شب پی ڈی ایم کا سرکس ہوا جہاں کئی فنکاروں نے مظاہرہ کیا لیکن سوئی ڈیزل پر رک گئی۔

ان کا اشارہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی طرف تھا۔  وزیراعظم نے فضل الرحمان کو بارہواں کھلاڑی قرار دیا۔

پاکستان کے وزیر اعظم نے اپوزیشن کو خبردار کیا کہ کل جلسے میں جو زبان استعمال کی گئی ہے اس کے تناظر میں اپوزیشن کو اب ایک مختلف عمران خان کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب بقول ان کے کسی ڈاکو کو پروڈکشن آرڈر نہیں ملے گا، ان کو وی آئی پی جیل میں نہیں بلکہ عام جیلوں میں عام قیدیوں کی طرح رکھیں گے۔

ٹیگس