ٹرمپ چلے گئے اب عمران خان کی باری ہے: سراج الحق
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے وزیر اعظم عمران خان پر عوام سے کئے گئے وعدے پورے نہ کرنے کا الزام لگایا ہے۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے ایک جلسے سے خطاب میں کہا کہ عمران خان نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ان میں سے ایک بھی پورا نہیں کیا ۔
انہوں نے کہا کہ اگر جھوٹ کا ورلڈ کپ ہو جائے تو وزیر اعظم عمران خان بقول ان کے بلا مقابلہ جیت جائیں گے۔ انھوں نے پاکستان کی ماضی کی حکومتوں کو بھی ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت بھی گزشتہ حکومتوں کا ہی تسلسل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کا انجن ، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کے ہی لوگ چلا رہے ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ ٹرمپ چلے گئے اب عمران خان کی باری ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں امریکا، انگریزوں، جاگیرداروں اور بدعنوانوں کا نظام نہیں چلے گا۔ انھوں نے کہا کہ کراچی سے لیکر چترال تک قوم کو جدوجہد کے لئے تیار رہنا چاہئے۔