Dec ۱۴, ۲۰۲۰ ۰۶:۰۲ Asia/Tehran
  • اسٹیبلشمنٹ عوام کو اسلام آباد جانے کا راستہ دے: مولانا فضل الرحمان

مولانا فضل الرحمن نے کہا نے لاہور میں ہوئے پی ڈی ایم کے اجلاس میں کہا ہے کہ پارلیمنٹ عوام کی ہے، طاقت عوام کی ہے اور حکومت بھی عوام کی ہی ہوگی۔

پاکستان کے صوبۂ پنجاب کے مرکز لاہور میں اپوزیشن اتحاد کی حکومت مخالف تحریک کے آخری جلسے سے خطاب میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ عوام کو اسلام آباد جانے کا راستہ دے۔

 پی ڈی ایم سربراہ نے مزید کہا کہ عوام کا جوش و خروش قابل دید ہے، مینار پاکستان کے سائے میں یہ تاریخی جلسہ عوام کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔

پی ڈی ایم سربراہ نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ عوام کی ہے، طاقت عوام کی ہے اور حکومت بھی عوام کی ہی ہوگی، دھاندلی کا نظام نہیں چلے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جنوری کے آخری یا فروری کے شروع میں اسلام آباد کی طرف پوری قوم مارچ کرے گی ، اس ناجائز حکومت کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کے استعفیٰ لانگ مارچ کی صورت میں ساتھ لے کر اسلام آباد جائیں، اس پارلیمنٹ پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ادارے کھوکھلے ہوچکے ہیں، ملک چل نہیں رہا ہے، ہم اس لیے آئے ہیں کہ قوم بن کر پاکستان کا مستقبل بچائیں، پارلیمنٹ خود مختار ہو اور کسی کی یرغمال نہ ہو۔

پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد کے اجلاس میں پارلیمنٹ کی حکمرانی، آزاد الیکشن کے لیے اصلاحات اور عوام کے جمہوری حقوق کا تحفظ ،صوبوں کے حقوق کی حفاظت، آزاد میڈیا اور دہشت گردی کے خاتمے جیسے نکات پر مکمل اتفاق ہوا۔

انہوں نے دوران خطاب وزیر اعظم عمران خان پر کشمیر کا سودا کرنے اور اسے بھارت کو بیچنے اور پھر مگر مچھ کے آنسو بہانے کا الزام بھی عائد کیا۔

ادھر ملکی سیاسی صورتحال اور لاہور میں پی ڈی ایم کے جلسے کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی ترجمانوں اور رہنماؤں کا اجلاس آج طلب کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں اپوزیشن کی تحریک سے نمٹنے کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔

دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کا سربراہی اجلاس آج دو بجے جاتی امرا لاہور میں طلب کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن، بلاول بھٹو، اختر مینگل، شاہ اویس نورانی اور دیگر اس اجلاس میں شریک ہوں گے جسکی میزبانی مریم نواز کر رہی ہیں۔

 

 

ٹیگس