پاکستان میں کورونا کا زور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 105 افراد جاں بحق
پاکستان میں کورونا وائرس سے ایک دن میں 105 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جب کہ 4 لاکھ سے زائد افراد اس جان لیوا مرض میں مبتلا ہوچکے ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس کی وباء سے ایک ہی روز میں 105 اموات ہوئی ہیں جن میں سے 70 وینٹی لیٹر پر تھے اس طرح اب تک اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 9 ہزار 10 ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 38 ہزار سے زائد کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 61 لاکھ 36 ہزار 799 ہوگئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 2 ہزار 731 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 45 ہزار 977 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت پاکستان میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 48 ہزار 369 ہوگئی ہے، جن میں سے 2 ہزار 510 کی حالت تشویشناک ہے۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 ہزار 265 افراد نے کورونا کو شکست دے دی ہے جس کے بعد اس وبا کے خلاف جاری جنگ جیتنے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 88 ہزار 598 ہوگئی ہے۔
کورونا وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔