Dec ۲۶, ۲۰۲۰ ۱۸:۱۸ Asia/Tehran
  • مریم نواز اراکین اسمبلی کے استعفے بٹورنے میں مصروف

مریم نواز کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ سو سے زائد اراکین اسمبلی نے اپنے استعفے انکے پاس جمع کرا دئے ہیں۔

سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی برسی میں شرکت کے لئے لاڑکانہ روانہ ہونے سے قبل لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پارٹی کی ہدایات ہیں کہ اکتیس دسمبر تک ارکان پارلیمان اپنے استعفے قیادت کے پاس جمع کرا دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت اور پی ڈی ایم جب فیصلہ کرے گی تو استعفے اسپیکر کو جمع کرا دیں گے -

مریم نواز نے کہا کہ ایک سو ساٹھ میں سے ایک سو انسٹھ صوبائی ارکان اسمبلی کے استعفے میرے پاس پہنچ چکے ہیں-

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم مستحکم ہے اور اس میں دراڑ نہیں پڑنے والی- مریم نواز نے کہا کہ صرف مجھے ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کو غیر محسوس کردار نظر آ رہے ہیں اور اس وقت سب کو یہ بھی نظر آ رہا ہے کہ غیر محسوس کردار اب پیچھے ہٹ رہے ہیں-

انہوں نے شہباز شریف کے بارے میں کہا کہ اگر وہ اپنے بھائی نواز شریف کے وفادار نہ ہوتے تو آج وزیر اعظم کی کرسی پر ہوتے۔

ٹیگس