چین سے کورونا کی 12 لاکھ ویکسین خریدی جائیں گی : پاکستان
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 58 افراد جاں بحق ہوگئے ۔
پاکستان کے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ چینی کمپنی سائنوفارم سے کورونا وائرس کی 12 لاکھ ویکسین خریدی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین2021 کی پہلی سہ ماہی میں فرنٹ لائن ورکرز کو مفت لگائی جائیں گی۔
فواد چوہدری نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ نجی شعبہ یا کوئی اور بین الاقوامی طور پر منظور شدہ ویکسین درآمد کرنا چاہے تو کر سکتا ہے۔
در ایں اثناء پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 58 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 10 ہزار 105 ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 2 ہزار 475 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 79 ہزار 715 ہوگئی ہے جب کہ 2 ہزار 206 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 4 ہزار 960 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 35 ہزار 73 ہوگئی ہے۔
کورونا وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتا جاسکتا ہے۔