Jan ۰۵, ۲۰۲۱ ۰۹:۳۵ Asia/Tehran
  • مطالبات کے حصول تک دھرنا جاری رہے گا

سانحہ مچھ کے خلاف کوئٹہ میں دھرنا دینے والوں اور وزیر داخلہ میں مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں۔

پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید اور بلوچستان کے شیعہ مسلمانوں کے مابین مذاکرات ناکام ہو گئے اور مظاہرین نے وزیر اعظم عمران خان کی آمد تک میتوں کی تدفین سے انکار کردیا ہے۔

شیخ رشید نے اس موقع پر کہا کہ مچھ سانحہ ظلم اور زیادتی ہے، اس سانحے پر شرمندہ ہوں، وزیر اعظم نے خصوصی طور پر اپنا جہاز دے کرکوئٹہ بھیجا، وزیر اعظم نے پیغام دیا ہے کہ کسی صورت سانحہ مچھ کے مجرموں کو نہیں چھوڑیں گے، یقین دلاتا ہوں مچھ میں دہشت گردی کرنے والوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائےگا۔

اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر آغا سید محمد رضا نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان خود کوئٹہ تشریف لائیں، وزیر اعظم خود یہاں آئیں اور ان سب معاملات کو دیکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 22 سال سے ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمیں جینے کا حق ملنا چاہیے، ہمارے تاجروں کو کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور کردیا گیا، ہمیں نفسیاتی اور اقتصادی طور پر ٹارچر کیا جارہا ہے، لاپتہ افراد میں اگر کوئی مجرم ہے تو عدالت میں پیش کیا جائے۔ محمد رضا نے واضح کیا کہ وزیر اعظم کی آمد تک میتوں کی تدفین نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دو روز سے سخت سرحدی کے باوجود بلوچستان کے عوام سانحہ مچھ کے خلاف دھرنا دئے ہوئے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ جب تک مطالبات تسلیم نہیں ہوتے دھرنا جاری رہے گا۔

 

ٹیگس