پی ڈی ایم کی اپنے موقف سے پسپائی
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا مقصد وزیراعظم عمران خان کی حکومت کو گرانا نہیں ہے۔
سیالکوٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا مقصد حکومت گرانا نہیں بلکہ جمہوریت بحال کرنا ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ ملک میں جمہوریت کے نام پر آمریت مسلط ہے اور عدالتوں پر دباؤ ڈالا جارہا ہے۔
قابل ذکر ہے پاکستان کی گیارہ اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد پی ڈی ایم اس وقت وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کے خلاف تحریک چلا رہا ہے۔ اس اتحاد نے ملک کے مختلف شہروں میں کئی جلسے کیے ہیں اور اس نے وزیراعظم سے آئندہ ماہ جنوری کے اختتام تک مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ درایں اثنا اطلاعات ہیں کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اتحاد کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس پیر کو اسلام آباد میں طلب کرلیا ہے جس میں الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کو حتمی شکل دی جائے گی۔