اسلام آباد میں پی ڈی ایم کی اسٹیرینگ کمیٹی کا اجلاس
پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس پیر کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر پی ڈی ایم اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز بھی موجود ہیں اور دیگر رہنما شریک ہیں تاہم پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری شریک نہیں ہیں۔البتہ پیپلزپارٹی کے دیگر رہنما اس اجلاس میں موجود ہیں۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کی حکمت عملی پر غور اور اکتیس جنوری کی ڈیڈ لائن کے بعد پی ڈی ایم کی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی جارہی ہے۔
اجلاس سے قبل صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے پی ڈی ایم کی رہنما اور مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ پی ڈی ایم کی تحریک سست ہوتی جارہی ہے۔ ایک صحافی کے اس سوال پر کہ پی ڈی ایم سست ہوتی کیوں دکھائی دے رہی ہے مریم نواز کا کہنا تھا کہ تو کیا حکومت تیز ہو رہی ہے؟ اس سے قبل پاکستان کے وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی ڈی ایم کو قصہ پارینہ قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ایک تھی پی ڈی ایم جو اب ماضی کا حصہ بن گئی ہے۔