Jan ۲۲, ۲۰۲۱ ۰۹:۲۸ Asia/Tehran
  • فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کا خاتمہ، پاکستانی قوم کی خواہش

حماس کے رہنما اسمٰعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ فلسطین کی حمایت کی ہے۔

کراچی میں جمعیت علماء اسلام کے زیرِ اہتمام اسرائیل نامنظور مارچ کے شرکاء سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ فلسطین کی جدوجہد آزادی کی حمایت کی، فلسطینی قوم پاکستانی عوام کے جذبات کی قدر کرتی ہے۔

اسماعیل ہنیہ کا کہنا تھا کہ پوری امت مسلمہ کے دل فلسطینیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

اس موقع پراسرائیل نامنظور مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امریکہ حقیقت میں جمہوریت پسند ہے تو اسرائیل کے جبری تسلط کا خاتمہ کرکے فلسطینیوں کو ان کا حق دلائے اور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کا خاتمہ ہمارے منشور اور ایمان کا حصہ ہے،  پاکستان کا وفادار کبھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتا۔ پاکستان کا بچہ بچہ فلسطین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسرائیل کے قیام کے فوری بعد اس کے منشور میں پاکستان کے خاتمے کی شق شامل تھی۔ ایسے ملک کو غیرت مند پاکستانی کس طرح قبول کرسکتے ہیں اور قائد اعظم نے اسرائیل کے قیام کو اسلام کی پیٹھ میں خنجر قرار دیا۔ فلسطینیوں کو ان کا حق دلائے بغیر اسرائیل کے ساتھ کسی قسم کے تعلقات پاکستان کے آئین اور عوام کی امنگوں کے منافی ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے امریکی حکمرانوں اور عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ ہمارے وزیر اعظم کی طرح غیر سنجیدہ شخص تھا جس سے کوئی سنجیدہ بات نہیں ہوسکتی تھی تاہم موجودہ امریکی صدر جمہوری تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے بیت المقدس میں امریکی سفارتخانہ کھولنے کا فیصلہ واپس لیں۔

ٹیگس