پاکستان میں سیکورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ
پاکستان کے صوبے بلوچستان میں سیکورٹی فورس کی چیک پوسٹ پردہشت گردوں کے حملے میں ایک سیکورٹی اہلکار کے مارے جانے کی خبر ہے۔
میڈیا رپورٹوں میں پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری کردہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ حملہ اتوار کی شب بلوچستان کے ضلع کیچ میں پیش آیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح دہشت گردوں نے ضلع کیچ کے علاقے ہوشاب کے قریب نیشنل ہائی وے پر واقع ایف سی کی ایک چیک پوسٹ پر اچانک حملہ کردیا جس کے نتیجے میں اسد مہدی نامی سپاہی جاں بحق ہوگیا۔
تاحال کسی فرد یا گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے البتہ پاکستان کے صوبے بلوچستان میں لشکر جھنگوی، داعش، طالبان اور بی ایل اے جیسے دہشت گرد گروہ سرگرم ہیں جو عام شہریوں اور سیکورٹی اہلکاروں پر حملے کرتے رہے ہیں۔
بلوچستان میں دہشت گردی کا حالیہ سنگیں واقعہ تین جنوری کو ضلع بولان میں پیش آیا تھا جہاں داعشی دہشت گردوں نے شیعہ ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے گیارہ کان کنوں کو اغوا کرنے کے بعد کچھ دور لے جا کر ذبح کردیا تھا۔