Feb ۲۵, ۲۰۲۱ ۲۰:۳۵ Asia/Tehran
  • پاکستان اور ھندوستان میں ہاٹ لائن پر رابطہ

پاکستان اور ہندوستان نے کنٹرول لائن اور دیگر سرحدی سیکٹروں پر جنگ بندی کی پابندی پر سختی سے عمل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کے اعلی فوجی عہدیداروں کے درمیان ہاٹ لائن پر، لائن آف کنٹرول اور مشترکہ سرحدوں کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ہاٹ لائن پر رابطے میں جنگ بندی سے متعلق سبھی سمجھوتوں پر سختی سے عمل کئے جانے پر اتفاق کیا گیا۔
رپورٹوں کے مطابق مذاکرات کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کے اعلی فوجی عہدیداروں کے درمیان ہاٹ لائن پر یہ گفتگو بہت اچھے ماحول میں انجام پائی ۔
مشترکہ بیان کے مطابق دونوں ملکوں کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے فلیگ میٹنگ اور ہاٹ لائن رابطے کے ذریعے مستقل امن قائم رکھنے اور ایک دوسرے کے خدشات نیز غلط فہمیوں کو دور کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس گفتگو میں دونوں ملکوں کے درمیان ہاٹ لائن کے موجودہ نظام کو زیادہ موثر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان لائن آف کنٹرول پر دو ہزار تین سے جنگ بندی نافذ ہے لیکن وقتا فوقتا اس کی خلاف ورزی ہوتی رہتی اور دونوں ممالک ایک دوسرے کو اس کا ذمہ دار قرار دیتے ہیں۔

ٹیگس