نو سال کے وقفے کے بعد ای سی او مال بردار ٹرین بحال
سہ فریقی مال بردار ٹرین نو سال کے وقفے کے بعد چار مارچ کو ترکی کے شہر استنبول سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گی۔
استنبول سے براستہ ایران، اسلام آباد جانے والے ای سی او کی مال بردار ٹرین کی بحالی کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور حکومت پاکستان اس کی میزبانی کی تیاری کر رہی ہے۔
مال بردار ٹرین کی بحالی کا فیصلہ گزشتہ سال ای سی او کے بانی رکن ملکوں ایران، پاکستان اور ترکی پر مشتمل ورکنگ گروپ کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے بھی مال بردار ٹرین کی بحالی کی تصدیق کی تھی تاہم یہ نہیں بتایا تھا کہ اس کا دوبارہ آغاز کب سے ہوگا۔
پاکستانی ذرائع کا کہنا ہے کہ نو سال کے طویل وقفے کے بعد چار مارچ سے پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارتی ٹرین دوبارہ چلائی جا رہی ہے۔
مذکورہ ٹرین سروس سے تین ممالک یعنی پاکستان، ایران اور ترکی کے درمیان تجارتی سامان کا تبادلہ آسانی سے ہوگا۔