پاکستان کے وزیر اعظم نے ہندوستان سے امن کے لئے پہلا قدم اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے ۔
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے ہندوستان سے امن کے لئے پہلا قدم اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے ۔
اسلام آباد میں سیکورٹی ڈائیلاگ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کے جائز حقوق دینا، پاکستان کے ہی نہیں بلکہ ہندوستان کے بھی مفاد میں ہے۔عمران خان نے کہا کہ انھوں نے ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی پوری کوشش کی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے بات چیت کے ذریعے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ ہندوستان کشمیری عوام کو ، سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دے۔
پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ اسلام آباد اپنے سبھی پڑوسی ملکوں سے بہتر تعلقات چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پڑوسی ملکوں کے ساتھ بہتر تعلقات ہوں گے تو جیو اسٹریٹیجک صورتحال سے فائدہ اٹھایا جاسکے گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ علاقائی امن کے بغیر جغرافیائی اہمیت سے فائدہ نہیں اٹھایا جاسکتا۔