Apr ۰۷, ۲۰۲۱ ۱۹:۱۹ Asia/Tehran
  •  پاکستان روس کے ساتھ تعلقات کا فروغ چاہتا ہے،عمران خان

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے روس سے تعلقات کے فروغ کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی حصہ قرار دیا ہے۔

اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے دو روزہ دورے پر گئے، روس کے وزیر خارجہ نے بدھ کو وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

اس ملاقات میں ماسکو اور اسلام آباد کے درمیان تعلقات کے فروغ اور علاقائی نیز عالمی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اس ملاقات میں روس کے ساتھ تعلقات کے فروغ میں اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انھوں نے اسی کے ساتھ کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امن چاہتا ہے جس کے لئے مسئلہ کشمیر کا پر امن حل ضروری ہے۔ انھوں نے اس ملاقات میں روس کے صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔

Image Caption

 

اس سے پہلے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاؤروف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا تھا کہ ان کا ملک روس کے ساتھ اعتماد اور دوستی کا رشتہ قائم کرنا چاہتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ روسی وفد کے ساتھ مذاکرات میں، افغانستان کے حالات سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ دفاع اور انسداد دہشت گردی میں تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔
مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے کہا کہ ماسکو اسلام آباد کے ساتھ اقتصادی تعلقات کا فروغ چاہتا ہے۔
انھوں نے امریکی پالیسیوں کو خطے میں بدامنی اور عدم استحکام کا باعث قرار دیا۔ سرگئی لاؤروف نے کہا کہ امریکا نے تفرقہ انگیزی کی پالیسی اختیار کی ہے جو علاقے میں بے ثباتی کا باعث بنی ہے۔

رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ مشترکہ پریس کانفرنس سے پہلے دونوں وزرائے خارجہ کے مذاکرات میں اقتصادی، تجارتی اور دفاعی تعاون پر تفصیل کے ساتھ گفتگو کی گئی۔
قابل ذکر ہے کہ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف منگل کو ایک وفد کے ہمراہ دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں۔

ٹیگس