فلسطینی مسلمانوں کی مالی امداد کیلئے لاہور چیمبر آف کامرس کا قابل ستائش اقدام
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز، اپنے فلسطینی بھائیوں کی حمایت میں میدان میں آ گیا۔
اطلاعات کے مطابق لاہور چیمبر آف کامرس میں فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی مالی امداد کیلئے فنڈ قائم کر دیا گیا ہے اور چیمبر کے اراکین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بڑھ چڑھ کر اس فنڈ میں حصہ ڈالیں۔
لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم اپنے فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا ناجائز وجود خطے میں بدامنی کا باعث ہے، عالمی برادری اگر مشرق وسطیٰ کو پُرامن دیکھنا چاہتی ہے تو اسرائیل کی ناجائز ریاست کو صفحہ ہستی سے مٹانا ہوگا۔
صدر چیمبر میاں طارق مصباح کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اپنے فلسطینی بھائیوں کی مالی مدد کیلئے فنڈ قائم کیا ہے، اس میں جمع ہونیوالی رقم فلسطینی عوام کی بہبود کیلئے پاکستان میں موجود فلسطینی سفیر کے حوالے کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پوری تاجر اور کاروباری برادری فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتی ہے اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ اسرائیلی مظالم فوری طور پر بند کروائے جائیں۔
میاں طارق مصباح نے کہا کہ اس جنگ کی پہل اسرائیل نے مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر حملہ کرکے کی ہے اوراس کا انجام اسرائیل کی نابودی پرمنتج ہوگا۔