Jun ۰۴, ۲۰۲۱ ۱۰:۳۰ Asia/Tehran
  • ملک میں امریکہ کا کوئی فوجی اڈہ نہیں: پاکستان

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے ملک میں امریکی فوجی اڈوں اور ایئربیسز کی موجودگی کو خبروں کو ایک بار پھر مسترد کیا ہے۔

پاکستانی ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چودھری کا کہنا ہے کہ ملک میں امریکا کا کوئی فوجی اڈہ یا ائیر بیس نہیں، اور دونوں ممالک کے مابین فوجی اڈوں کے قیام کا کوئی نیا معاہدہ نہیں ہوا ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امریکا کا کوئی فوجی اڈہ یا ائیر بیس نہیں، اور نہ ہی پاکستان اور امریکا کے درمیان فوجی اڈوں کے قیام کا کوئی نیا معاہدہ ہوا ہے، اور فی الحال صرف دونوں ممالک کے مابین ماضی کے ایئر اور گراؤنڈ لائن آف کمیونیکیشن کے معاہدے ہیں۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا کو افغانستان کے لئے فوجی اڈے دینے کے حوالے سے ہم واضح بیان دے چکے ہیں، امریکا کا پاکستان میں کوئی ائربیس یا اڈہ نہیں اور نہ ہی اس طرح کا کوئی منصوبہ ہے اور اس وقت پاکستان امریکا کے ساتھ دوہزار ایک کے تعاون کے فریم ورک کے تحت کام کر رہے ہیں۔

زاہد حفیظ چودھری کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان کے امن میں بہتری کے خواہاں ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ افغانستان کا واحد حل، سیاسی ہے اور کبھی بھی اُس کا کوئی فوجی حل نہیں رہا۔

ٹیگس