Jun ۱۰, ۲۰۲۱ ۰۸:۵۸ Asia/Tehran
  • کینیڈا میں مسلم گھرانے کے بہیمانہ قتل پر پاکستان کا احتجاج

پاکستان نے ایک بار پھر کینیڈا میں مسلم کنبے کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے کینیڈئن ہم منصب مارک گارنو سے ٹیلیفون پر بات کی جس میں انہوں نے پاکستانی نژاد ایک مسلم کنبے کے قتل پر مبنی دہشتگردانہ اقدام کی شدید مذمت کی اور مغرب میں روز بروز بڑھتے اسلاموفوبیا پر پاکستان حکومت و عوام کی جانب سے سخت اعتراض درج کرایا۔

شاہ محمود قریشی نے کینیڈا کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک میں بڑھتے اسلاموفوبیا کا سنجیدگی کے ساتھ مقابلہ کرکے اسے لگام دے۔

پاکستان کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اسلاموفوبیا اور مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیز اقدامات کے خلاف ایک عالمی اجماع کی خواہاں ہے اور وہ اس سلسلے میں اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کے ساتھ سنجیدہ تعاون کر رہا ہے۔

اس سے قبل پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے بھی ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے کینیڈا میں مسلم کنبے کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اُسے مغرب میں بڑھتے اسلاموفوبیا کی علامت قرار دیا تھا۔ ساتھ ہی انہوں عالمی برادری سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اسلاموفوبیا اور مسلم امہ کے سلسلے میں بڑھتی نفرت کا سنجیدگی سے مقابلہ کرے۔

خیال رہے کہ ایک انتہا پسند دہشت گرد نے پیر کی شام، ایک پاکستانی نژاد مسلمان کینیڈین کنبے کو اپنے ٹرک سے کچل دیا جس کے نتیجے میں چار افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک بچہ زخمی ہو گیا تھا۔

یہ بھی دیکھئے: کینیڈا میں مسلم کنبے کے قتل پر اقوام متحدہ کا رد عمل

ٹیگس