Jun ۱۶, ۲۰۲۱ ۱۸:۰۳ Asia/Tehran
  • پاکستان کی قومی اسمبلی میں اراکین کے داخلے پر پابندی

پاکستان کی قومی اسمبلی میں ان سات اراکین کے داخلے پر پابندی کا اعلان کردیا گیا ہے جو منگل کے ہنگامے میں ملوث تھے۔

رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے منگل کو ایوان میں ہنگامہ کرنے والے سات اراکین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ، پارلیمنٹ کی حدود میں ان کے داخلے پر پابندی لگادی ہے۔ پاکستان کی قومی اسمبلی کے سیکریٹریٹ کے مطابق اسپیکر اسد قیصر نے یہ کارروائی پارلیمنٹ کے قواعد وضوابط کے تحت کی ہے۔ جن اراکین قومی اسمبلی کے داخلے پر پابندی لگائی گئی ہے ان میں علی نواز اعوان، عبدالمجید خان، فہیم خان، شیخ روحیل اصغر، علی گوہر خان، چودھری حامد حمید اور آغا رفیع اللہ کے نام شامل ہیں۔ اسپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں اس طرح کے رویئے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

قابل ذکر ہے کہ منگل کو پاکستان کی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف بجٹ پر تقریر کے لئے کھڑے ہوئے تو حکومتی اراکین نے شوروغل کرکے انہیں بولنے نہیں دیا جس پر اپوزیشن کے اراکین نے نعرے بازی شروع کردی اور پھر کچھ ہی دیر میں دونوں طرف کے اراکین پارلیمان ایک دوسرے سے الجھ پڑے اور ایوان میدان جنگ کا نقشہ پیش کرنے لگا۔ پاکستانی حکومت اور اپوزیشن کے نمائندے دونوں ایک دوسرے کو ہنگاموں کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں ۔

ٹیگس