Jun ۱۷, ۲۰۲۱ ۱۹:۱۱ Asia/Tehran
  • ہنگامہ کرنے والے ارکان اسمبلی پر پابندی ختم

پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر نے ہنگامہ آرائی کرنے والے سات ارکان کے داخلے پر پابندی ختم کر دی۔

پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے ہنگامہ آرائی کرنے والے جن سات اراکین پر پابندی لگائی تھی ان میں سے تین کا تعلق حکمراں جماعت پی ٹی آئی سے اور چار کا تعلق حزب اختلاف کی جماعتوں سے تھا۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کیے جانے والے نوٹی فیکیشن کے مطابق اسپیکر اسد قیصر نے ارکان پر پابندی معاملات کو سلجھانے اور ماحول خوش گوار رکھنے کیلئے اٹھائی ہے۔ اس سے پہلے حزب اختلاف کی جانب سے اسپیکر کو بھیجے گئے مراسلے میں مذکورہ ممبران سے پابندی اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی میں کئی روز سے ہنگامہ آرائی جاری تھی اور گزشتہ روز قائد حزب اختلاف کی تقریر کے دوران بعض ارکان ایک دوسرے پر الجھ پڑے تھے۔ اس موقع پر گالیوں اور سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا تھا۔ اپوزیشن کا الزام ہے کہ حکمراں جماعت کے ارکان قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کو ایوان میں وفاقی بجٹ کے بارے میں تقریر سے روکنے کی مسلسل کوشش کر رہے تھے۔

ٹیگس