Jun ۲۳, ۲۰۲۱ ۱۱:۳۴ Asia/Tehran
  • لاہورمیں خوفناک دھماکہ 20 افراد جاں بحق و زخمی

دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز میلوں دور تک سنائی گئی ۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں دھماکہ ہوا ہے، دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز میلوں دور تک سنائی گئی جب کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، آس پاس کھڑی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا اور دھماکے کی جگہ پر آگ لگ گئی۔

پولیس کے مطابق دھماکہ جوہر ٹاون میں واقع احسان ممتاز ہسپتال کے قریب گاڑی کے اندر ہوا تاہم ایک عینی شاہد خاتون کا کہنا ہے کہ آج صبح سے گلی کے باہر ایک نامعلوم موٹرسائیکل کھڑی تھی اور دھماکہ خیز مواد اسی میں رکھا گیا تھا کیوں کہ دھماکے کے بعد موٹرسائیکل کے پرخچے اڑ گئے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں اب تک 3 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا، زخمیوں میں سے 5 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے سے 3 گاڑیاں اور 3 موٹر سائیکلیں مکمل طور پر اور ایک رکشہ جزوی طور پر تباہ ہوا۔

وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار  نے جوہر ٹاؤن میں دھماکے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دھماکے کے ذمہ داروں کو فی الفور قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے جناح اسپتال اور دیگر اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کے علاج معالجے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے  جوہر ٹاؤن لاہور دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب سے دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی، شیخ رشید احمد نے دھماکے  میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے کی نوعیت کا پتہ لگایا جارہا ہے اور وفاقی ادارے تحقیقات میں پنجاب حکومت کی معاونت کررہے ہیں۔

ٹیگس