Jul ۱۹, ۲۰۲۱ ۲۰:۱۳ Asia/Tehran
  • ایف اے ٹی ایف پر پاکستانی سیاستدانوں کا اظہار برھمی

پاکستان کے سرکردہ سیاستدانوں نے ہندوستانی وزیر خارجہ کے بیان کے بعد اپنے ملک کے بارے میں ایف اے ٹی ایف کی پالیسیوں پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق، پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  اور قائد حزب اخلاف شہباز شریف سمیت متعدد وزرا نے ایف اے ٹی ایف سے ہندوستانی وزیر خارجہ کے بیان پر وضاحت پیش کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

گزشتہ روز ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ وزیرخارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ حکومت ہندوستان نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ پاکستان کا نام ایف اے ٹی ایف  کی گرے لسٹ میں شامل رہے اور ہم پاکستان پر دباؤ ڈالنے میں کامیاب رہے ہیں۔

ہندوستانی وزیر خارجہ کے بیان پر اگرچہ پاکستان کا دفتر خارجہ پہلے ہی ایک بیان جاری کرچکا ہے  تاہم اب مختلف وزرا اور سیاست دانوں نے بھی معاملے کو سنجیدگی سے لیا ہے۔   

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ہے کہ اس   اہم تکنیکی پلیٹ فارم میں پاکستان کے لیے جوڑ توڑ یقینی طور پر حیران کن ہے۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بھی اس معاملے پر ٹوئٹ کیا اور لکھا ہے کہ ہندوستانی وزیر خارجہ کا بیان ایف اے ٹی ایف کے تشخص پر سوال اٹھاتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فیٹف کو واضح کرنا ہوگا کہ وہ دوسروں کے کہنے پر پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہو رہا ہے۔

پاکستان کے وزیر توانائی حماد اظہر، انسانی حقوق کی وزیر شیریں مزاری اور وفاقی وزیر علی حیدر زیدی نے بھی اپنے اپنے ٹوئٹس میں ہندوستانی وزیر خارجہ کے بیان کا لنک شیئر کرتے ہوئے ایف اے ٹی ایف کی غیر جانبداری پر سوال اٹھایا ہے۔ 

ٹیگس